1 اکتوبر 2013 - 20:30
سازشی مذاکرات کی حمایت نہیں کرسکتے، حماس

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے کہا ہے کہ تحریک حماس کسی بھی قیمت پر صہیونی حکومت کے ساتھ سازشی مذاکرات کی حامی نہیں ہے۔

ابنا: سامی ابوزھری نے آج کہا کہ فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے یکطرفہ طور پر صہیونی ریاست کے ساتھ سازشی مذاکرات میں شرکت کی ہے اور تحریک حماس ان مذاکرات کو تسلیم نہیں کرتی اور ان کے از سرنو آغاز کی مخالف ہے۔ ابوزھری نے مزید کہا کہ ان مذاکرات کا جو بھی نتیجہ نکلے ملت فلسطین اس کی پابند نہیں ہے۔

تحریک حماس نے اپنے بیان کے ایک اور حصے میں اسی طرح مصری حکام کو غزہ و فلسطین کی مزاحمت کے خلاف اس ملک کے اخبارات میں پروپیگنڈہ مہم سے اجتناب کی دعوت دی۔ دوسری جانب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن نے کہا ہے کہ تحریک حماس نے غزہ کے محاصرے کے خاتمے کے لئے فلسطینی علاقوں اور دیگر ملکوں میں پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔

خلیل الحیہ نے گذشتہ روز غزہ میں فلسطین کی منتخب حکومت کی وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں کہا کہ اس حوالے سے سفارتی سرگرمیوں کے علاوہ دنیا بھر میں مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ ادھر آج فلسطینی گروہوں نے غزہ میں مظاہرے کرکے " تحریک انتفاضہ الاقصی " کے قیام کا سالانہ جشن منایا اور فلسطینیوں کی وحدت اور مزاحمت پر تاکید کی۔

.......

/169